بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا 11 ڈسمبر سے آغاز

   

ہندوستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے بنگلہ دیش بورڈ کی مساعی
ڈھاکہ ۔ 17 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید مقبول بنانے کیلئے آؤٹ آف کنٹراکٹ ہندوستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کا 2011 ء میں آغاز ہوا تھا ، تاہم میچ فکسنگ اسکامس اور بعض بیرونی کھلاڑیوں کو رقم کی ادائیگی میں تا خیر کے باعث اس ٹورنمنٹ کا وقار مجروح ہوگیا تھا ۔ ان حالات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس ٹورنمنٹ کا کنٹرول حاصل کرلیا اور اس کا نام بھی تبدیل کردیا گیا ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن نے میڈیا کو بتایا کہ ایسے ہندوستانی کرکٹ کھلاڑیوں کو ٹورنمنٹ میں شامل کرنے کی تجویز ہے جو انڈین کٹرکٹ کنٹرول بورڈ کے ساتھ کنٹراکٹ میں نہیں ہیں ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو مستقبل میں بی پی ایل کیلئے راغب کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ یوراج سنگھ جیسے کھلاڑیوں نے بیرون ملک لیگ میچس میں حصہ لیا ہے جبکہ انہوں نے مکمل طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی پی ایل کے نئے سیزن کے لئے جن 439 کھلاڑیوں کے نام کی فہرست تیار کی گئی ہے ، ان میں من وپندر بسلا ، تیز گیند باز من پریت گونی اور راجستھان رائلز کے سابق کھلاڑی کمار یوریسا شامل ہیں۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا 11 ڈسمبر سے آغاز ہورہا ہے۔