بنگلہ دیش ۔ سری لنکا آج دوسرا ونڈے

   

ڈھاکہ : میزبان بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا دوسرا مقابلہ کل یہاں ڈے نائیٹ کھیلا جائے گا جس میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلے مقابلہ میں حاصل ہونے والی کامیابی کے سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے سیریز پر قبضہ کی خواہاں ہوگی تو دوسری جانب مہمان ٹیم جس میں کئی سینئر اور اہم کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے اور یہ نوجوان ٹیم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے بہتر مستقبل کا آغاز کرنے کے علاوہ سیریز میں باقی رہنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ سری لنکا جس نے سینئر کھلاڑیوں اور سابق کپتان انجیلومیتھوز اور تیسہارا پریرا کو ٹیم میں شامل نہ کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے جس میں کوچ مائتی آرتھر، ڈائرکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی اور ٹیکنیکل کمیٹی کے صدر اروند ڈیسلوا نے یقینی طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کی ٹیم تیار کرنے کی غرض سے موقع دیا ہے تاکہ انہیں بورڈ کا سنٹرل کنٹراکٹ بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کو دیا جاسکے۔ انتظامیہ جہاں مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہا ہے وہیں ٹیم کو جلد ہی ونڈے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی کیونکہ اسے سوپرلیگ کے 12 مقابلوں میں 4 میں شکست ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیموں کے جدول میں 12 ویں مقام پر ہے۔ مسلسل چار مقابلوں میں شکست اور سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں سری لنکا کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت کا لوہا منوانے کا موقع ہے۔ کھلاڑیوں کے علاوہ انتظامیہ پر بھی بہتر نتائج کے حصول کیلئے دباؤ رہے گا۔ دوسری جانب میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم منگل کو یہاں کھیلے جانے و الے مقابلہ میں ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کی خواہاں ہوگی۔ ابتدائی مقابلہ میں بنگلہ دیش کیلئے ہر منصوبہ کارگر ثابت ہوا جیسا کہ نہ صرف اس کے سینئر کھلاڑیوں نے رنز اسکور کئے ہیں بلکہ اسپنرس نے بھی بحیثیت ایک اکائی حریف بیٹسمینوں کو جلد آوٹ کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ گذشتہ مقابلہ میں مستفیض الرحمن نے بھی بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ گذشتہ مقابلہ میں بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کی جانب سے 3 نصف سنچریاں اسکور کی گئی تھیں جس میں سینئر بیٹسمین مشفق الرحیم کے 84 رنز کی اننگز نمایاں رہی کیونکہ انہوں نے فی گیند ایک رن کے حساب سے اپنا اسکور بنایا۔ 87 گیندوں میں انہوں نے صرف 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور ٹیم کے مجموعی اسکور میں اپنی نصف سنچری سے اہم اضافہ کیا۔ دوسری جانب سری لنکا کے کشل منڈیز جنہیں سال کے ابتداء میں تینوں طرز کی کرکٹ سے باہر کردیا گیا تھا حالانکہ ونڈے میں ان کا اوسط کافی ناقص اور مایوس کن نہیں تھا۔ اب جبکہ انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تو انہیں اپنی بہتر بیٹنگ کے ذریعہ ٹیم میں جگہ بنانے کے علاوہ اپنی نائب کپتانی کے عہدہ سے انصاف بھی کرنا ہے۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں بنگلہ دیشی ٹیم میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم میں ٹاپ آرڈر بیٹسمین نیروشن ڈکولا کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا جاسکتا ہے۔