بومئی کا اذان تنازعہ پر طاقت کے استعمال سے انکار

   

بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے منگل کو مساجد سے لاؤڈ اسپیکر کی آواز کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنے سے انکار کردیا۔ تاہم انہوں نے سب کو اعتماد میں لے کر مسئلہ حل کرنے پر اصرار کیا۔ بومائی نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ماضی میں مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے خلاف عدالتوں کی طرف سے کئی احکامات آئے ہیں۔ عدالتوں نے ہم (حکومت) سے سوال کیا ہے کہ ان کے احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ ہم اسے مرحلہ وار کریں گے ۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس پر سب کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے ۔ اس میں طاقت کے استعمال کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس کے حل کے لیے زمینی سطح پر کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں کئی تنظیموں کے ساتھ میٹنگز کی ہیں۔ اس کا مناسب حل تلاش کرنے کے لیے ہم مستقبل میں بھی ایسی میٹنگز کا انعقاد جاری رکھیں گے ۔