بچپن کے دوست کے انتقال پر اسپیکر اسمبلی اشکبار

   

ہیلی کاپٹر سے بانسواڑہ آمد، جنازہ کو کندھا، تدفین میں بھی شرکت

بچکنڈہ ۔ 10 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اپنے بچپن کے دوست، نظام آباد ضلع وقف کمیٹی کے سابق چیرمین اور بانسواڑہ رورل منڈل کے رام پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے سالم بن علی کے انتقال کی خبر سنتے ہی اپنے آنسوؤں کو روک نہیں پائے۔ حالانکہ اس وقت اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں مباحث جاری ہیں، انتقال کی اطلاع ملتے ہی اسپیکر اسمبلی پوچارم خصوصی ہیلی کاپٹرکے ذریعہ حیدرآباد سے بانسواڑہ کے لیے روانہ ہوئے تاکہ اپنے دوست کی تدفین میں شرکت کرسکیں۔ پوچارم اپنے بچپن کے دوست کی میت دیکھ کر رو پڑے۔ انھوں نے اپنے دوست کے جنازہ کو کندھا دیا اور جنازہ کے ساتھ بانسواڑہ عیدگاہ پہنچے اور تدفین تک موجود رہے۔ انھوں نے اپنے بچپن کے دوست کے انتقال پر شدید رنج کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ دوست کے انتقال کی خبر سن کر مجھے صدمہ اور افسوس ہوا۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ انھوں نے اپنے دوست کی روح کے سکون کے لیے دعا کی اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ڈی سی سی بی کے چیرمین پوچارم بھاسکر ریڈی کے علاوہ پوچارم سریندر ریڈی، سابق زیڈ پی چیرمین راجو، مقامی عوامی نمائندے اور قائدین اسپیکر کے ہمراہ تھے۔