بچکنڈہ گورنمنٹ اُردو اسکول میں طلبہ کو دشواریاں

   

سائنس اور میاتھس ٹیچر نہ ہونے سے تعلیمی نقصان، اولیاء طلبہ کی برہمی

بچکنڈہ 6 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر بچکنڈہ گورنمنٹ اُردو میڈیم ہائی اسکول میں اولیائے طلبہ و طالبات کی میٹنگ ہوئی جس میں اسکول انتظامیہ کی لاپرہواہی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب اسکول میں فزیکل سائنس ٹیچر اور میاتھس ٹیچر نہ رہنے سے آئندہ 2023-24 ء میں طلبہ کو سالانہ امتحان میں ناکام ہونے کے اندیشہ کی وجہ دو ٹیچرس کے تقرر کا مطالبہ کیا گیا۔ بچکنڈہ گورنمنٹ اُردو میڈیم ہائی اسکول میں کئی برسوں سے میاتھس ٹیچر کا تقرر عمل میں نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے طلباء و طالبات کو کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ میاتھس ٹیچر نہ رہنے کی وجہ 2022-23 ء اپریل میں ایس ایس سی امتحانات میں بچکنڈہ اردو میڈیم اسکول میں 16 طلباء و طالبات ناکام ہوگئے۔ اولیائے طلبہ نے حکومت اور اسکول انتظامیہ اور اسکول چیرمین پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ یہاں یہ بات بتانا بے محل نہ ہوگا کہ بچکنڈہ اُردو میڈیم اسکول میں صاف صفائی اسکول کے طلباء و طالبات کے ذریعہ کروائی جارہی ہے جو قابل افسوس ہے۔ اسکول انتظامیہ کو حکومت ہزاروں روپئے مختص کررہی ہے، کافی فنڈس درکار ہونے کے باوجود طالبات کے ذریعہ صاف صفائی کرانا لمحہ فکر ہے۔ دوسری جانب حکومت اُردو میڈیم اسکولوں کو نظرانداز کررہی ہے۔ اُردو کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے جبکہ حکومت اُردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیئے جانے کی بات کررہی ہے۔ اولیائے طلباء و طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد حکومت فزیکل سائنس اور میاتھس کے ٹیچر کا تقرر کرے اور اسکول انتظایہ صاف صفائی، طلباء و طالبات سے نہ کراتے ہوئے عملہ کا تقرر کرے۔ اولیائے طلبہ ایم ای او آفس پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لئے جارہے تھے لیکن ایم ای او کو اسکول چیرمین فون پر بات کی۔ایم ای او نے فوری عملہ کو روانہ کیا اور اور پانچ دن میں ڈپیٹیشن پر تقرر کرنے کا تیقن دیا۔ تمام اولیائے طلبہ نے ایک یادداشت حوالہ کی۔