سری نگر : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اتوار کے روز کہا کہ جگہ جگہ بڑے بڑے جھنڈے لہرانے سے لوگوں کے دل نہیں جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے دل جیتنے کیلئے اُن کے جذبات کو سمجھنا ہوگا، اُن کے مشکلات کو حل کرنا ہوگا، اُن کی تکالیف کو کم کرنا ہوگا اور اُن کے احساسات و جذبات کی قدر کرنی ہوگی، آپ لوگوں کو سالہاسال تک جیلوں میں بند رکھ کر عام لوگوں کے دل نہیں جیت سکتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی ورکروں کیساتھ اپنی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے آج ضلع کپوارہ کے حلقہ انتخاب لنگیٹ کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت نے دفعہ370کے بارے میں بہت سارا پروپیگنڈا کیا جو بالآخر جھوٹ اور فریب ثابت ہوا۔ پوری دنیا کو بتایا گیا تھا کہ جموں وکشمیر میں دفعہ370روزگار میں رکاوٹ ہے ، رشوت اور کورپشن کی جڑ ہے ، بندوق اسی دفعہ کی وجہ سے ہے ، علیحدگی پسند لوگ بھی دفعہ370کی بدولت ہی ہیں اور غربت اسی دفعہ کی دین ہے ، یہ دفعہ ہٹ جائیگی تو سب کچھ ٹھیک ہوجائیگا لیکن آج اس دفعہ کو غیر قانونی اور غیر آئینی طو رپر ہٹائے ہوئے 4سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا ہے ، کہاں پر بہتری آئی؟ اُلٹا جہاں جہاں ہماری ریاست آگے تھی وہاں بھی اسے پیچھے دھکیلا گیا۔ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہماری عزت مٹائی گئی، ہماری پہچان تہس نہس کی گئی۔