بھارت جوڑو نیائے یاترا آسام میں داخل

,

   

بسوا سرما کی بی جے پی حکومت ملک کی سب سے بدعنوان‘ راہول گاندھی کی تنقید

گوہاٹی: راہول گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ جمعرات 18 جنوری کو شمال مشرقی ریاست منی پور اور ناگالینڈ کے بعد آسام میں داخل ہو گئی۔ دریں اثنا، راہول گاندھی نے چیف منسٹر ہمنتا بسوا سرما کی قیادت والی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی اور اسے ملک کی سب سے بدعنوان حکومت قرار دیا۔بھارت جوڑو یاترا کے آسام میں داخل ہونے پر سب سے پہلے ضلع شیو ساگر میں پرچم سونپنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے بعد راہول گاندھی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی۔آر ایس ایس ملک اور ہر ریاست میں ناانصافی کر رہے ہیں خواہ وہ سیاسی، سماجی یا معاشی ناانصافی ہو۔ منی پور کو خانہ جنگی کی صورتحال کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ابھی تک اس علاقے کا دورہ نہیں کیا ہے۔راہول گاندھی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے ناگالینڈ میں اہم وعدے کیے تھے۔ نو سال پہلے انہوں نے فریم ورک کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ آج ناگالینڈ میں بہت سے لوگ تجسس میں ہیں کہ اس نظام کا کیا ہوا؟ آسام کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔ آسام میں ہندوستان کی سب سے بدعنوان حکومت ہے۔ ناگالینڈ میں لوگوں نے ہمارا والہانہ استقبال کیا اور میں آسام میں بھی اسی کی توقع کر رہا ہوں۔اس موقع پر آسام کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے کہا کہ اس یاترا اور راہول گاندھی کی موجودگی نے ریاست کے لوگوں کو ایک نئی امید دی ہے۔ اپنی پریشانیوں کی وجہ سے آسام کے لوگ یہ جاننے کیلئے بے تاب ہیں کہ راہول گاندھی کب اس علاقے کا دورہ کریں گے۔ ہماری پارٹی ہندوستانی آئین کی حمایت کرتی ہے۔

آسام میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے خلاف ایف آئی آر درج
گوہاٹی :کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ منی پور سے شروع ہو کر ناگالینڈ ہوتے ہوئے آسام پہنچ گئی ہے۔ لیکن ہیمنت بسوا سرما کی حکومت والی اس ریاست میں یاترا کو خلل انداز کرنے کی کوششیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ اس کا اندیشہ آج صبح ہی کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ظاہر کیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق راستہ میں تبدیلی کے سبب ریاست کے جورہاٹ شہر میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اس سے قبل آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا تھا کہ جو بھی متبادل راستہ مانگا جائے گا اس کی اجازت دے دی جائے گی۔ لیکن اگر شہر کے اندر سے جانے کی ضد کی جائے گی تو ہم پولیس کا انتظام نہیں کریں گے۔ میں کیس کر دوں گا اور بعد میں دو سے تین ماہ کی سماعت کے بعد ہم گرفتار کر لیں گے۔یاترا کے دوران راہول نے مقامی عوام سے ملاقات کی ۔