بوندی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں اتوار کو “کیوں نہ جڑیں” مہم کے تحت آج ایک اور فلم کی نمائش کرکے اور بے روزگاری کے مسئلہ پر مرکز کی مودی حکومت کو گھیرا گیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے کمیونیکیشن انچارج جے رام رمیش نے دوپہر کو یاترا کے آرام کے دوران ایک پریس کانفرنس میں اس فلم میں بے روزگاری سے متعلق اعدادوشمار دکھائے ۔ فلم میں انجینئرنگ کا ایک طالب علم بتاتا ہے کہ حکومت کی اپنی ایجنسی این ایس ایس او کی رپورٹ کے مطابق بیروزگاری 45 برسوں میں سب سے زیادہ 6.1 فیصد ہے ۔ ای ایم آئی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 42 فیصد نوجوان بے روزگار ہیں۔ ورلڈ بینک کے مطابق ہم دنیا کے اہم ممالک میں بے روزگاری میں پہلے نمبر پر ہیں جہاں بے روزگاری کی شرح 28.3 فیصد ہے ۔ فلم کے آخر میں بے روزگاری کے خلاف بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے ۔ مہم “کیوں نہ جڑیں” سے متعلق دو فلمیں پہلے ہی ریلیز کی جا چکی ہیں۔ پہلی فلم 6 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی جس میں مہنگائی اور اس سے ہونے والی پریشانیاں دکھائی گئی تھیں۔ دوسری فلم 9 دسمبر کو ریلیز ہوئی جس میں ایک پہلوان کا پوتا اپنے دادا کی جدوجہد آزادی کے دوران گاندھی جی کے دورہ پر جانے کی اپنی یادیں شیئر کرتا ہے ۔