نئی دہلی: ٹیکسٹائل وزارت نے کہا ہے کہ دارالحکومت دہلی میں چار روزہ طویل ‘بھارت ٹیکس 2024’ کانفرنس میں 100 سے زیادہ مصنوعات کے اعلانات، بین الاقوامی مفاہمت ناموں، سرمایہ کاری کے فیصلوں اور تحقیقی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس تقریب میں 100 سے زائد ممالک سے 3000 خریدار آئے اور دس ہزار سے زائد کاریگر، بُنکر، طلباء، فیکٹری ورکرز، این جی اوز اور مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے شرکت کی۔ جمعرات کو ختم ہوئی کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 26 فروری کو بھارت منڈپم میں کیا تھا۔ اس تقریب میں نہ صرف ہندوستانی بلکہ عالمی اسٹیک ہولڈرز بشمول سرفہرست برانڈز اور خوردہ فروشوں کی زبردست شرکت دیکھی گئی۔ اس کا اہتمام 11 ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسلوں کے کنسورشیم نے وزارت ٹیکسٹائل کے تعاون سے کیا تھا۔ یہ تقریب بھارت منڈپم اور یشوبومی میں بیک وقت منعقد کی گئی تھی اور دونوں مقامات پر نمائش کی کوئی جگہ خالی نہیں تھی۔