بھوبھارتی سرویسیس کیلئے

   

لائسینسڈ سرویرس کے طور پر 5 ہزار سیول انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے ریاستی حکومت کا ایکشن پلان
٭ رجسٹریشن کیلئے اب اراضی کا سروے لازمی ہے۔
٭ ریاست میں صرف 402 سرویرس ہی دستیاب ہیں۔
٭ ہر منڈل میں اراضی معاملتوں کی بنیاد پر رکروٹمنٹ ہوگا
٭ تلنگانہ اکیڈیمی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس پر
50 دن کی ٹریننگ دی جائے گی

حیدرآباد ۔ 10 مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے لائسینسڈ سرویرس کے طور پر 5,000 سیول انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے اور ان کی خدمات سے نئے شروع کئے گئے بھوبھارتی پورٹل میں استفادہ کرنے کیلئے ایک ایکشن پلان بنایا ہے۔ یہ سرویر مقامی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ تال میل میں کام کریں گے اور ریگولر اراضی سروے کریں گے جو بھوبھارتی پورٹل کے ذریعہ اراضیات کے رجسٹریشن کیلئے لازمی ہے۔ ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سروے سٹلمنٹ اینڈ لینڈ ریکارڈس ڈپارٹمنٹ کو مزید مستحکم کیا جارہا ہے جس کا مقصد تلنگانہ کے عوام بالخصوص کسانوں کیلئے بہتر خدمات فراہم کرنا ہے اور ریاست میں اراضیات سے متعلق کئی پنچایتس کو ایک مستقل حل فراہم کرنا ہے۔ بھوبھارتی ایکٹ میں اراضیات کے رجسٹریشن کے عمل میں اراضی کے سروے کا نقشہ لگانا لازمی ہونے کے تناظر میں سروے ڈپارٹمنٹ کا رول مزید اہم ہوجائے گا۔ فی الوقت صرف 402 سرویرس کام کررہے ہیں اور نئے پورٹل کے کام میں ضرورت کے مطابق مزید سرویرس کی ضرورت ہے۔ تقریباً 5000 لائسینسڈ سرویرس کا رکروٹمنٹ ہر منڈل اور ٹاؤن میں اراضی معاملتوں کے لحاظ سے کیا جارہا ہے۔ لائسینسڈ سرویر کی ٹریننگ کیلئے اہل امیدواروں سے درخواستیں 17 مئی تک قبول کی جارہی ہیں۔ اس میں امیدواروں کو انٹرمیڈیٹ (میاتھس)، کم از کم 60 فیصد نشانات سے کامیاب ہونا ہوگا۔ انہیں ڈرافٹسمین (سیول) ڈپلومہ (سیول)، بی ٹیک (سیول) یا دیگر مماثل تعلیمی قابلیت کا حامل ہونا چاہئے۔ منتخب امیدواروں کو 50 کام کے دنوں میں ٹریننگ دی جائے گی جو تلنگانہ اکیڈیمی کے پرچم تلے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس پر دی جائے گی۔ عہدیداروں کو اس پورے عمل کو سختی کے ساتھ انجام دینے اور لائسینسڈ سرویرس کی خدمات بعجلت ممکنہ دستیاب بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔