بھوپندر ہُڈا نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی

   

نئی دہلی۔26 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ کانگریس کے صدر بھوپندر سنگھ ہُڈا نے ہفتہ کے روز پارٹی اعلیٰ کمان سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور ریاست میں اسمبلی انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتحال پر گفت و شنید کی۔سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر ہوئی اس ملاقات کے بعد بھوپندر ہُڈا نے کہا کہ کانگریس صدر ریاست میں پارٹی کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ ہڈا نے مزید کہا کہ سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کارکردگی اچھی رہی ہے اور وہ خوش ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں لیڈروں نے ہریانہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے ساتھ مستقل کی حکمت عملی پر صلاح مشورہ کیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈروں کا ماننا ہے کہ اگر مسٹر ہڈا کو کچھ وقت پہلے کمان سنبھالنے کی ذمہ داری دی جاتی تو پارٹی ریاست میں حکومت بنا سکتی تھی۔ہریانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس ہڈا کی قیادت میں انتخابی میدان میں اتری تھی اور اس نے 35سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے ۔ ریاست میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ اگرچہ بھارتیہ جنتاپارٹی اور جن نایک جنتا پارٹی کی حکومت بننے جارہی ہے ۔ اس دوران بھوپندر سنگھ ہڈا کے بیٹے دپیندر ہڈا نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے لئے امکانات ختم نہیں ہوئے ہیں۔