مسلم خاندانوں سے ملاقات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کی اپیل
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اپنے انتخابی حلقہ جات میں عیدالفطر کے موقع پر مسلمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کی۔ بھٹی وکرامارکا نے مدیرا ٹاؤن میں عیدالفطر کے موقع پر مسلمانوں سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے مقامی اقلیتی سیل کے قائد شیخ غوث الدین کی قیامگاہ پر عیدملاپ تقریب میں شرکت کی۔ بھٹی وکرامارکا کے علاوہ ضلع کے مقامی عوامی نمائندوں اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے تقریب میں حصہ لیتے ہوئے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ عیدین دراصل باہمی محبت اور بھائی چارہ کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران مسلمان روزہ اور عبادتوں کا احترام کرتے ہیں اور اُن کے لئے عیدالفطر اہمیت کی حامل ہے۔ ایک ماہ کے دوران غریبوں کی دادرسی اور پریشان حال افراد کی مختلف انداز میں مدد کی جاتی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کانگریس قائد غوث الدین کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے حسن آباد میں عیدالفطر کے موقع پر مسلم خاندانوں سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے پروفیسر ایس اے شکور کی قیامگاہ پر عیدملاپ تقریب میں شرکت کی۔ کریم نگر ٹاؤن کی نمائندہ شخصیتیں اِس موقع پر شریک تھیں۔ پونم پربھاکر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ عید اور تہواروں کے موقع پر امن و سلامتی اور بھائی چارہ کے فروغ کے اقدامات کریں اور کریم نگر میں فرقہ پرست طاقتوں کی سازشوں کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریونت ریڈی حکومت تمام طبقات کی یکساں ترقی کی پابند ہے اور انتخابات سے قبل جو وعدے کئے گئے تھے اُن پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔1