بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا میں وی ہنمنت راؤ کی شرکت

   

عوامی مسائل پر جدوجہد کو خراج تحسین
حیدرآباد۔22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی کھمم ضلع میں جاری عوامی پد یاترا میں شرکت کرتے ہوئے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے اظہار یگانگت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ بھٹی وکرمارکا کے ہمراہ ہنمنت راؤ نے مختلف گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ عوام حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہے اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست گیر سطح پر کانگریس عوام سے ملاقات کا پروگرام منظم کرے گی ۔ اسی دوران ہنمنت راؤ نے محبوب آباد ضلع میں ٹی آر ایس کارپوریٹر روی نائک کے قتل کی مذمت کی۔ انہوں نے محبوب آباد ضلع پہنچ کر روی نائک کو خراج پیش کیا اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ضلع میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے گریجن طبقہ کی اراضی جبراً حاصل کرلی گئی جس کے خلاف روی نائک نے آواز بلند کی تھی۔ گریجن طبقہ کے کسانوں کو جبراً اراضی حاصل کرتے ہوئے زراعت سے محروم کردیا گیا ۔ نائک کے افراد خاندان نے کہا کہ اراضیات کے تحفظ کے نتیجہ میں قتل کردیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے اس واقعہ کی تفصیلی جانچ اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتول ٹی آر ایس قائد کے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ ر