بھگوان داس باغ باؤلی کی صفائی اور بحالی

   

حیدرآباد : بھگوان داس باغ باؤلی جو کئی دہوں سے خراب حالت میں تھی ، کی صفائی کی گئی اوراسے اس کی اصلی حالت میں لایا گیا ۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے مختلف باؤلیوں (Step Wells) کی صفائی اور ان کی اصل حالت میں بحالی کیلئے کام کئے جارہے ہیں ۔اس کام کے سلسلہ میں حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے گڈی ملکاپور میں واقع بھگوان داس باغ باؤلی کی صفائی اور اسے اصلی حالت میں بحالی کے کام شروع کئے ۔ بھگوان داس باغ باؤلی ایک خانگی Step Well ہونے کے باوجود ایچ ایم ڈی اے نے اس کی بحالی اور صفائی کے کام انجام دیئے ۔ اس کے علاوہ اس اتھاریٹی نے شیو باغ باؤلی کی صفائی اور بحالی کے کام بھی شروع کئے ہیں ۔ ہفتہ کو پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی اروند کمار نے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے نے بھگوان داس باغ باؤلی کی صفائی کی ہے اور ٹوئیٹ کیا کہ ’’ ہم اس پر روشنی کریں گے تاکہ ہیرٹیج / باؤلی کے شایقین فوٹو گرافی کرسکیں ‘‘ ۔ انہوں نے اس باؤلی کے قریب رہنے والوں سے خواہش کی کہ اس کی صفائی کو یقینی بنائیں اور اس میں کچہرا ڈالنے والوں پر نظر رکھیں ۔