بھینسہ اور اطراف کے دیہات میں سیلابی بارش سے زبردست تباہ کاریاں

   

سڑکیں مکمل طور پر تباہ، حکومتی مشنری پانی میں محصور عوام کی خدمت میں مصروف
اعلیٰ عہدیداران، سیاسی قائدین، سماجی کارکنان کے دورے، نقصانات کے تخمینہ کیلئے سروے

بھینسہ۔ 28 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ روز بھینسہ اطراف و اکناف ہوئی 264.8 ملی میٹر شدید موسلادھار بارش کے سبب سیلاب جیسی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی اور کئی چھوٹے پراجیکٹ اور تالابوں کے پشتے ٹوٹ گئے جس کی وجہ سے بھینسہ ڈیویزن میں زبردست تباہی مچی ہوئی ہے۔ عوام کے لاکھوں کروڑوں روپیوں کے نقصانات کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ کئی مویشی جو کھیتوں اور زرعی شیڈوں میں بند تھے۔ سیلاب کے پانی سے ہلاک ہوگئے اور کئی پانی میں بہہ گئے جبکہ بھینسہ کے نشیبی علاقوں جن میں راہول نگر ، خان آٹونگر ، کوبیر چوراستہ اور آر ٹی سی بس ڈپو علاقہ کے دکان مالکین بھی شدید نقصانات کی وجہ سے پریشان ہے گذشتہ رات سیلاب کے دوران خان آٹونگر علاقہ پہنچکر رکن بلدیہ فیض اللہ خان کے علاوہ مفتی عبدالغنی قاسمی ضلعی صدر جمعیت العلماء اور ٹاؤن سرکل انسپکٹر پولیس ایل سرینو نے راحتکاری کے اقدامات کرتے ہوئے کئی افراد بالخصوص معصوم بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور بھینسہ آر ٹی سی ڈپو میں پانی محاصرہ میں آنے والے آر ٹی سی عملہ کو پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملہ نے محفوظ بچالیا جبکہ موضع دیگاؤں اور بڑگاؤں کے درمیان واقع ہوٹل شاداب مالکین کے زرعی کھیت میں موجود مویشیوں کے شیڈ میں مزدوری کرنے والے دو خواتین اور چار مرد مزدوروں کے ہمراہ تیرہ ماہ معصوم بچہ جس میں دو کا تعلق بھینسہ اور چار کا تعلق مہاراشٹرا کے کینی پالچ سے بتایا گیا تھا سیلابی پانی کے محاصرہ میں آگئے جس کی اطلاع پر رات دیرگئے بھینسہ ایڈیشنل ایس پی کانتی لال سبھاش پاٹل آئی پی ایس نے رورل سی آئی اور سب انسپکٹران سریکانت و دیگر کے علاوہ بھینسہ اور نرمل محکمہ فائیر کے عملہ و کرین مشین کی مدد سے راحتکاری کے اقدامات کرتے ہوئے تمام مزدوروں کو محفوظ نکالا ۔ بھینسہ ڈیویزن کے مواضعات بھی شدید متاثر ہوئے ہیں کئی شاہراہیں اور سڑکیں سیلابی پانی سے تباہ ہوگئی جس کی وجہ سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے جبکہ گذشتہ روز سیرالہ پراجیکٹ کا پشتہ ٹوٹ گیا جس کے خوف سے موضع کی عوام رات مندر میں گذارنے پر مجبور تھے جبکہ سیرالہ پراجیکٹ کے سیلابی پانی سے ایلے گائوں ، دیگائوں ، کھدگائوں ، والے گائوں ، کامل کو شدید نقصانات کی اطلاع ہے سیرالہ موضع کا ضلع کلکٹر ورون ریڈی ، تانور تحصیلدار وینکٹ رمنا ، کوبیر تحصیلدار وشمبر ، ایم پی او معظم حْسین ، رورل ایچ ای او عبدالسلیم ، ڈاکٹر سید مجاہد کے علاوہ مقامی رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی ضلعی صدر بی آر ایس ، بی جے پی قائدین جن میں راما راؤ پٹیل ، موہن راؤ پٹیل اور کانگریس قائد آنند رائو پٹیل کے علاوہ محکمہ پولیس ، محکمہ مال ، محکمہ پنچایت ، محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دورہ کیا عوام کو راحت فراہم کرنے کے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا اور سرالہ پراجیکٹ کی تعمیر و درستگی کے اقدامات کا بھی اعلان کیا گیا دریں اثناء تانور منڈل کے موضع بولسا کا بھی رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی اور ضلع کلکٹر ورون ریڈی نے دورہ کرتے ہوئے بارش سے تباہ شدہ مکانات کا معائنہ کیا اور سروے کے ذریعہ نقصانات کی حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کا تیقن دیا ۔ تلنگانہ محکمہ آبکاری کمشنر مشرف علی فاروقی جنھیں بارش و سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ضلع نرمل اسپیشل آفیسر مقرر کیا گیا جس پر مشرف علی فاروقی نے بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے گڈنا واگو پراجیکٹ پہنچ کر آبی سطح کا مکمل اور تفصیلی جائزہ لیا انکے ہمراہ دیگر عہدیدار اور گڈنا واگو پراجیکٹ انتظامیہ بھی موجود تھا۔