بہارکے گوپال گنج میں مسجد کے امام کا قتل

   

گوپال گنج( بہار ) ۔18؍اگست ( ایجنسیز )بہار کے گوپال گنج ضلع کی ایک مسجد کے احاطے کے اندر سے امام کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ چاقو سے حملہ کرکے امام کا قتل کر دیا گیا۔ واقعہ سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس تحقیقات میں مصروف ہو گئی۔ تاہم ابھی تک قتل کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا۔ معاملہ اچکاگاؤں تھانہ علاقے کے ارنا گاؤں کا ہے۔مقتول کی شناخت تقریباً 50 سالہ رفیق میاں کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بھورے تھانہ علاقے کے سسئی گاؤں کے رہنے والے تھے اور ارنا گاؤں میں واقع مسجد میں امام کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ معلومات کے مطابق، دیر رات مسجد کے احاطے میں رفیق میاں پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ حملہ آور نے ان پر کئی وار کیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی افراد کے مطابق وہ گذشتہ چھ‘ سات ماہ سے یہاں امامت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔