بہار اسمبلی کے اسپیکر کا اپنے وعدے سے انحراف

   

ایوان میں زبردست ہنگامہ، حزب مخالف کا بحث پر اصرار
پٹنہ۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی کی کارروائی کو سخت شور شرباہ کے درمیان 2 بجے دن تک ملتوی کردیا گیا۔ آر جے ڈی کے ارکان مقننہ ریاست بہار کے نظم و نسق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مباحث کا مطالبہ کررہے تھے صبح 11 بجے جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اس وقت آر جے ڈی کے رکن للت کمار یادو نے اسپیکر اجئے کمار چودھری کو یاد دلایا کہ انہوں نے تحریک التوا پیش کی تھی تاکہ ریاست کی لا اینڈ آر ڈر کی صورتحال پر بحث کی جائے اور وقفہ سوال کو معطل کیا جائے۔ تاہم اسپیکر نے آر جے ڈی کے قائد سے کہا کہ انہیں تحریک التوا کی درخواست وصول ہوچکی ہے۔ وقفہ سوالات کے بعد یادو کو اس کا موقع دیا جائے گا چودھری نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک طویل اجلاس ہے جس کے بیچ میں آپ لا اینڈ آرڈر کا سوال اٹھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اسے محکمہ داخلہ کے تین گھنٹوں کے مباحث میں بھی اٹھاسکتے ہیں۔ لیلکن وقفہ سوالات کی تکمیل کے بعد اسپیکر نے آر جے ڈی کے رکن اسمبلی کو اس جواز پر مباحث کی اجازت نہیں دی کہ یہ استدعا ایوان کے قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں دی گئی۔ حزب مخالف کے قائد اور آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو چہارشنبہ کو چوتھے دن بھی ایوان میں حاضر نہ ہوسکے۔