بہار :بی جے پی ۔ جنتادل (یو) میں نشستوں کی تقسیم

,

   

نتیش کمار 122 اور بی جے پی 121 سیٹوں پر مقابلہ کریں گے

نئی دہلی : نتیش کمار زیرقیادت جنتادل (یو) اور بی جے پی کے درمیان بہار کے آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے 122 اور 121 نشستوں کی تقسیم کے فارمولے کے ساتھ اتحاد ہوگیا ہے۔ 243 رکنی اسمبلی میں نشستوں کی تقسیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہاکہ بی جے پی اور جنتادل (یو) کے کوٹے سے ہی حلیف پارٹیوں کو نشستیں دی جائیں گی۔ جنتادل (یو) کو 122 نشستیں ملی ہیں۔ ان میں سے 7 نشستیں ہندوستانی عوامی مورچہ کو دی گئی ہیں جو سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی کی پارٹی ہے۔ بی جے پی کو 121 نشستیں دی گئی ہیں جن میں سے نئی وکاس شیل انسان پارٹی مکیش سہانی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی حمایت کے ساتھ چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت میں بننے والے اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایل جے پی سربراہ چراغ پاسوان نے علم بغاوت بلند کیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر سشیل مودی نے زور دے کر کہاکہ نتیش کمار ہی این ڈی اے کے چیف منسٹر امیدوار ہوں گے۔ بی جے پی الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر ایل جے پی کو انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم مودی کی تصاویر استعمال کرنے سے باز رکھنے کے لئے درخواست کرے گی۔ ایل جے پی نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے بہار کے اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔