بہار میں جرائم پیشہ افراد حکومت چلارہے ہیں:تیجسوی

   

پٹنہ، 16 مئی (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے ریاست میں نظم ونسق کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار کی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ریاست میں جرائم پیشہ افراد حکومت چلا رہے ہیں اور تاجروں، طلباء، خواتین اور عام لوگوں کا ہر جگہ قتل ہو رہا ہے ۔جمعہ کو یادو نے بہار میں نظم ونسق کے مسئلہ پر نتیش کمار اور ان کی حکومت کو نشانہ بنایا اور ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھاکہ بہار میں تاجروں، طالب علموں، خواتین اور عام لوگوں کو سرکاری سرپرستی میں مجرموں کے ذریعہ قتل کیا جا رہا ہے ، لیکن چیف منسٹر نتیش کمار سمیت ان کے دو معاونین، باتونی نائب وزیر اعلیٰ آنکھوں پر بدعنوانی کی پٹی، کانوں میں تیل اور منہ میں دہی جماکر مستی سے شراب بندی کے نشے میں ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے ) حکومت کو اندھی، بہری، گونگی اور بدعنوان حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ (این ڈی اے ) گزشتہ 20سال کے کسی بھی مجرمانہ واقعے کی ذمہ داری لیتی ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں اب جرائم پیشہ افراد حکومت چلا رہے ہیں اور وزراء اور این ڈی اے کے ایم ایل اے مجرموں اور عہدیداروں کے پاں چھونے میں فخر محسوس کررہے ہیں۔وہیں بی جے پی کے ریاستی ترجمان پربھاکر کمار مشرا نے یادو کے بیان کا سختی سے جواب دیا اور کہا کہ جھوٹ کو بار بار بولنے سے وہ سچ نہیں ہو جاتا۔