بہار میں کورونا احتیاطی اقدامات کیساتھ اسمبلی الیکشن

   

۔243 رکنی اسمبلی کیلئے 28 اکٹوبر سے 7 نومبر تک 3 مراحل میں پولنگ، 10 نومبر کو نتائج

نئی دہلی: کورونا وائرس کے سبب بہار قانون ساز اسمبلی کے لئے تین مراحل میں انتخابات ہونے جارہے ہیں اور 28 اکتوبر، 3نومبر اور 7نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 10 نومبر کو ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بہار کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات انتہائی غیرمعمولی حالات میں کرائے جارہے ہیں اوران حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق پروٹوکول کے سلسلے میں بھی وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔کورونا وبا کے پیش نظر ممکنہ حد تک احتیاط کے ساتھ پولنگ کرائی جائے گی جس میں یقینی بنایا جائے گا کہ لوگ ایک دوسرے کے درمیان جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں ماڈل انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی 243نشستوں کے لئے انتخابات تین مراحل 28اکتوبر ، 3نومبر اور 7نومبر کو ہوں گے ۔ تینوں مراحل کی ووٹوں کی گنتی ایک ہی دن یعنی 10 نومبر کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قرنطین میں رہنے والے ووٹر یا تو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ دے سکتے ہیں یا وہ انتخابات کے آخری دن اپنے پولنگ بوتھ پرصحت کے عہدیداروں کی نگرانی میں ووٹ کریں گے ۔مسٹر اروڑہ نے کہا کہ ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے لئے نوٹیفکیشن یکم اکتوبر کوجاری کی جائے گی ،

پرچہ نامزدگی دخل کرنے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر ہوگی جبکہ ان کی چھان بین 9 اکتوبر کو ہوگی۔ امیدوار12اکتوبر تک نام واپس لے سکیں گے اور 28اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی ۔ دوسرے مرحلے کی نوٹیفکیشن 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جبکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 16اکتوبر ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ 17 اکتوبر کو کی جائے گی ، نام واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اکتوبر ہوگی اور 3نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن 13 اکتوبر کو جاری کی جائے گی ۔ کاغذات نامزدگی 20 اکتوبر تک داخل کئے جائیں اور 21 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ امیدوار 23 اکتوبر تک اپنے نام واپس لے سکیں گے اور 7 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ اروڑہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں انتخابات 16 اضلاع میں 71اسمبلی نشستوں پر ہوں گے جن کیلئے 31 ہزار پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ دوسرے مرحلے میں 17 اضلاع کی 94نشستوں پر پولنگ ہوگی جن کیلئے 42 ہزار پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ تیسرے مرحلے میں 15اضلاع میں 78اسمبلی نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جس کیلئے 33 ہزار 800 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔