بہار میں ہم ساتھ تو یوپی میں بھی ساتھ ضروری نہیں:جیسوال

   

پٹنہ : بہار بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال نے اترپردیش اسمبلی انتخاب میں اتحاد نہیں ہونے سے این ڈی اے کی ناراض حلیف جنتادل یونائیٹیڈ جے ڈی یو کے دھوکے میں رکھنے کے الزام پر آج کہاکہ ہر جماعت سے ہر ریاست میں اتحاد ہو یہ ضروری نہیں ہے ۔ ڈاکٹرجیسوال نے منگل کو یہاں کہاکہ ضروری نہیں کہ ہر اتحاد تمام ریاستوں میں لاگو ہو ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ضروری نہیں ہے کہ بہار میں ہم ساتھ ہیں تو اتر پردیش یا پھر دیگر ریاستوں میں بھی ہمارا اتحاد ہو ۔ بی جے پی ریاستی صدر نے کہاکہ ہر ریاست میں پارٹی کی اپنی یونٹ ہے ۔ ہر ریاست میں خود طے ہوتاہے کہ کن کے ساتھ اتحاد کرنا ہے یا نہیں کرنا ہے ۔ اس ریاست کی یونٹ اور قومی قیادت اس پر فیصلہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر جماعت سے ہر ریاست میں اتحاد ہو ، یہ نہ پہلے کبھی ہوا ہے اور نہ مستقبل میں ایسا ہوگا۔ جہاں جیسی ضرورت ہے ، اسی بنیاد پر ریاستی قیادت فیصلے کرتی ہے ۔ وہیں ، ڈاکٹرجیسوال نے مقامی بلدیات کوٹے سے ہونے والے اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم پر جاری رسہ کشی پر کہاکہ پارٹی کے ریاستی انچارج بھوپیندر یادو جلد ہی پٹنہ آئیںگے۔