بہار ٹیچر ٹریننگ امیدواروں کو عید کے دن بھی چھٹی نہیں!

   

پٹنہ : بہار میں ایس سی ای آر ٹی کی طرف سے الگ الگ مرحلہ میں اساتذہ کو یہ رہائشی تربیت دی جا رہی ہے۔ محکمہ تعلیم کی طرف سے ایک گروپ کی ٹریننگ کا پروگرام 8 اپریل سے 13 اپریل کے درمیان مقرر کیا گیا ہے۔ چونکہ اس مرتبہ عید 10 یا 11 اپریل کو ہے تو یہ گروپ کے لیے عید کی چھٹی کینسل ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس معاملے میں خاص طور سے مسلم اساتذہ نے امارتِ شرعیہ پھلواری شریف سے رابطہ کیا اور پوری جانکاری ذمہ داران کو دی۔ بعد ازاں معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے امارتِ شرعیہ کے ناظم محمد ارشد رحمانی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھا ہے۔ محمد ارشد رحمانی نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے 8 اپریل سے 13 اپریل تک اساتذہ کیلئے ٹریننگ مقرر کیا ہے جو درست نہیں۔