بیجنگ : چین کے نئے وزیر خارجہ کن گینگ نے اپنے سعودی ہم منصب شہزاہ فیصل بن فرحان کے ساتھ باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے چین خلیج آزاد تجارتی زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کن گینگ نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو معیشت، تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، سرمایہ کاری، فنانس اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔کن گینگ کا کہنا تھا کہ چین اپنے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہتا ہے۔ انہوں نے چین خلیج اسٹریٹیجک شراکت داری کو مسلسل مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے جلد از جلد چین خلیج آزاد تجارتی زون تعمیر کرنے پن بھی زور دیا۔چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ تعلقات کو خارجہ تعلقات کا ایک اہم سنگ بنیاد سمجھتا ہے اور سعودی عرب ون چائنا اصول پر مکمل عمل پیرا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے کن گینگ کو وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارک باد دی۔شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی میں ایک اہم سنگ میل سمجھتا ہے اور آنے والے دنوں میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔