بیروت پر اسرائیلی حملے بڑی غلطی ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان

   

واشنگٹن/تہران، 14 جون (یو این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے کی کڑی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بڑی غلطی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ حملہ ایک ایسے ‘خاص دن’ پر کیا گیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایک تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہونے کے قوی امکانات موجود ہیں۔اپنی سوشل میڈیا مینی فیسٹو ‘ٹروتھ سوشل’ پر اتوار کے روز جاری کردہ ایک تفصیلی پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے اسرائیلی کارروائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا”بیروت پر اسرائیل کا یہ حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا، خاص طور پر ایک ایسے خاص دن جب ہم ایران کے ساتھ امن معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کی تمام قوتوں کو جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میز پر موجود امن معاہدے کے تحت پورے مشرقِ وسطیٰ بشمول لبنان میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھاکہ اب تمام فریقین کو پیچھے ہٹ جانا چاہیے ۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کہیں بھی اب کوئی حملہ نہیں ہونا چاہیے اور دوسری طرف سے بھی بشمول حزب اللہ اسرائیل کے خلاف تمام حملے فوری بند ہونے چاہئیں۔ یہ ایک طویل اور خوبصورت امن کا آغاز ہو سکتا ہے ، لہٰذا اس تاریخی موقع کو اپنے ہاتھ سے نہ گنوائیں۔