بیرونی ممالک میں ملازمت کیلئے غیر قانونی ایجنٹس سے عوام چوکس رہیں

   

وزارت خارجہ کی اڈوائزری ، قانونی ایجنٹس کی تفصیلات ویب سائیٹ پر موجود، شکایت کیلئے فون نمبر اور ای میل جاری
حیدرآباد ۔28۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزارت خارجہ نے بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں رکروٹمنٹ ایجنٹس اور ان کی جانب سے زائد رقم وصول کرنے کے خلاف عوام کو چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ وزارت خارجہ نے عوام کیلئے اڈوائزری جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ بیرونی ممالک میں روزگار کی پیشکش کرنے والے رکروٹمنٹ ایجنٹس کی قانونی حیثیت کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی کارروائی کریں۔ وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ملک میں غیر قانونی رکروٹمنٹ ایجنٹس کی جانب سے عوام کو دھوکہ دہی اور 2 تا 5 لاکھ روپئے کی وصولی سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ملک میں دھوکہ دہی کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر وزارت خارجہ نے عوام کو غیر رجسٹر شدہ اور غیر قانونی ایجنٹس سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا جن کے پاس وزارت خارجہ کا لائسنس موجود نہیں۔ کسی بھی رکروٹمنٹ ایجنٹ کے لئے وزارت خارجہ کا لائسنس ضروری ہے ۔ اڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر غیر قانونی ایجنٹس سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیسے فیس بک ، واٹس ایپ کے ذریعہ اپنی سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کے نتیجہ میں ایجنٹس کے مقام کا پتہ چلانا آسان نہیں ہے۔ مشرقی یوروپی ممالک ، خلیج کے بعض ممالک ، وسطی ایشیا کے ممالک ، اسرائیل ، کینیڈا میانمار اور لیو پیوپلز ڈیموکریٹک ریپبلک میں روزگار کی فراہمی کے نام پر دھوکہ دہی کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ اڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ رکروٹمنٹ ایجنٹ کے پاس بیرونی ممالک کے آجر کی جانب سے دستخط کردہ ایمپلائمنٹ کنٹراکٹ ضروری ہے۔ کنٹراکٹ میں ملازمت کی شرائط ، تنخواہ اور دیگر سہولتوں کا تذکرہ شامل ہوتا ہے ۔ حقیقی جاب آفر کی صورت میں درخواست گزار ورک ویزا اور دیگر ویزا بآسانی حاصل کرسکتا ہے۔ عام طور پر بیرونی آجرین ملازمین کے لئے فضائی کرایہ ، بورڈنگ ، لاڈجنگ اور انشورنس کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ وزارت خارجہ نے بیرونی ممالک میں ملازمت کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں قانونی اور باقاعدہ رجسٹرڈ رکروٹنگ ایجنٹس سے رجوع ہوں۔ رکروٹنگ ایجنٹس کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں ۔ ایجنٹس کو لازمی ہے کہ وہ اپنے آفس کے احاطہ اور اشتہارات میں اپنا لائسنس نمبر جلی حروف میں درج کریں۔ اخبارات اور سوشل میڈیا کے اشتہارات میں لائسنس نمبر لازمی رہے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رکروٹنگ ایجنٹس کے بارے میں سرکاری ویب سائیٹ www.emigrate.gov.in سے استفادہ کرتے ہوئے رکروٹنگ ایجنٹس کی فہرست کا مشاہدہ کریں۔ ایمگریشن ایکٹ 1993 کے مطابق کوئی بھی ایجنٹ سرویس چارجس کے طور پر 30,000 روپئے معہ جی ایس ٹی سے زائد وصول نہیں کرسکتا۔ وزارت خارجہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی ایجنٹس کے خلاف حکومت سے شکایت کریں۔ شکایت اور تفصیلات حاصل کرنے کیلئے پرواسی بھارتیہ سہایتا کیندر وزارت خارجہ 10 ویں منزل اکبر بھون جانکیہ پوری نئی دہلی یا پھر ٹول فری نمبر 1800113090 سے ربط قائم کریں۔ وزارت خارجہ سے واٹس ایپ نمبر +91-7428321144 یا ای میل [email protected] پر شکایت درج کرسکتے ہیں۔1