بیرونی ممالک میں پھنسے ہندوستانیوں کو کل سے واپس لایا جائیگا

,

   

تین لاکھ شہری واپسی کے خواہاں۔ امریکہ ‘ برطانیہ ‘ عرب امارات ‘ سعودی عرب ‘ سنگاپور ‘ قطر ‘ بحرین اور کویت کیلئے پروازوں کا اہتمام

نئی دہلی 5 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی جو کورونا وائرس بحران کی وجہ سے بیرونی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں انہیں پیر سے ہوائی اور بحری سفر سے ہندوستان لانے کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ اس مشن کو دنیا کا سب سے بڑا تخلیہ مشن قرار دیا جا رہا ہے جس کے ذریعہ تین لاکھ سے زائد ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کی کوشش کی جائیگی ۔ کہا گیا ہے کہ ابتداء میں تین لاکھ ہندوستانیوں نے وطن واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ ان کیلئے خصوصی پرواموں کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ یوروپ سے واپسی کے خواہاں افراد کیلئے فضائیا سفر کے اخراجات 50 ہزار روپئے تک ہوسکتے ہیں جبکہ جو لوگ امریکہ سے واپس ہونا چاہتے ہیں ان کیلئے ایک لاکھ روپئے تک کے خرچ ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مالدیپ اور مغرب ایشیا میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کیلئے بحریہ کے جنگی جہازوں کو بھی روانہ کیا جائیگا ۔ پہلی خلیجی جنگ کے دوران ہندوستان نے ائر انڈیا کے ذریعہ ایک لاکھ 70 ہزار ہندوستانیوںکو وطن واپس لایا تھا ۔ اس کے بعد سے یہ دوسری سب سے بڑی کوشش ہوگی جس کے ذریعہ تین لاکھ سے زیادہ ہندوستانیوں کو وطن واپس لایا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ ہندوستان سے پروازیں امریکہ ‘ فلپائن ‘ سنگاپور ‘ بنگلہ دیش ‘ متحدہ عرب امارات ‘ برطانیہ ‘ سعودی عرب ‘ قطر ‘ سنگاپور ‘ اومان ‘ بحرین اور کویت کیلئے روانہ کی جائیں گی جہاں سے ہندوستانیوں کو واپس لایا جائیگا ۔ اس کے علاوہ جن ممالک کو خصوصی پروازیں روانہ کی جا رہی ہیں وہاں کے کارکرد ویزے رکھنے والوں کو اس شرط پر لیجایا جائیگا کہ وہاں انہیں قبول کیا جائے ۔ کہا گیا ہے کہ پہلے ہفتے میں 64 پروازوں کے ذریعہ 14,800 ہندوستانیوں کو 13 ممالک سے واپس لایا جائیگا ۔ ذرائع نے بتایا کہ صرف ہندوستانی شہریوں کو واپس لایا جائیگا ۔ اوورسیز انڈین شہریوں کو فی الحال واپس نہیں لایا جائیگا ۔ ذرائع کے بموجب پہلے دن 10 پروازوں کے ذریعہ 2,300 ہندوستانیوں کو واپس لایا جائیگا ۔ آئندہ چند دن کے دوران متحدہ عرب امارات کیلئے 10 پروازوں کا اہتمام کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ امریکہ اور برطانیہ کیلئے سات سات پروازیں روانہ کی جائیں گی ۔ سعودی عرب کیلئے پانچ پروازیں بھیجی جائیں گی ۔ سنگاپور کیلئے پانچ اور قطر کیلئے دو پروازیں روانہ کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ ملیشیا اور بنگلہ دیش کے علاوہ کویت ‘ فلپائن ‘ اومان اور بحرین کیلئے بھی خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہر پرواز میں صرف 200 تا 300 مسافرین کو لایا جائیگا تاکہ سماجی دوریوں کو برقرار رکھا جاسکے ۔ خصوصی پروازوں میں سوار ہونے سے پہلے مسافرین کو یہ بتانا ہوگا کہ آیا انہیں بخار ‘ کھانسی ‘ ذیابطیس یا کوئی سانس لینے میں دشواری کی شکایت تو نہیں ہے ۔ تمام مسافرین کی اسکریننگ کی جائے گی اور صرف ان مسافرین کو سفر کی اجازت دی جائے گی جن میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہ ہوں۔ ہندوستان آمد کے بعد انہیں 14 دن کیلئے قرنطینہ میں رکھا جائیگا ۔ ان پروازوں کے دوران ہندوستان منتقلی کیلئے حاملہ خواتین ‘ معمر افراد ‘ طبی ایمرجنسی کے حامل افراد یا پھر ایسے افراد کو ترجیح دی جائیگی جن کے خاندان میں کوئی موت ہوئی ہو یا پھر زیادہ شدید بیماری ہوئی ہو۔ جن افراد کی ملازمتیں ختم ہوگئی ہوں انہیں بھی ترجیح دی جائے گی ۔