بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے 370 کی تنسیخ کے خلاف احتجاج کی اپیل

   

اسلام آباد ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرون ملک رہنے والے اپنے پارٹی ورکرس اور دیگر حامیوں سے خواہش کی ہیکہ وہ تمام عالمی سطح پر کشمیر معاملہ کو زیادہ سے زیادہ منظرعام پر لائیں۔ یاد رہیکہ پاکستان کی حکمراں تحریک انصاف پارٹی نے دنیا کے تمام فورمس میں کشمیر معاملہ کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ 5 اگست کو حکومت ہند نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا تھا جس کے بعد ہندوپاک کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ ہندوستان نے اس سلسلہ میں عالمی برادری کو بھی واضح طور پر کہہ دیا ہیکہ جموں و کشمیر ہندوستان کا داخلی معاملہ ہے اور دفعہ 370 کو منسوخ کیا جانا ایک ایسی حقیقت ہے جسے پاکستان کو بھی تسلیم کرلینا چاہئے۔ پارٹی کے سمندر پار سکریٹری مسٹر عبداللہ سے چہارشنبہ کو ہوئی ایک ملاقات میں عمران خان نے پارٹی قائدین اور ورکرس سے خواہش کی ہیکہ وہ آئندہ ماہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے سیشن کے موقع پر وزیراعظم ہند نریندر مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں۔