بیلگاوی سرحدی معاملہ :ادھو ٹھاکرے پر سدارامیا کی تنقید

   


بنگلورو :کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سدارمیا نے پیر کو مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کے بیلگاوی سرحدی معاملہ اٹھانے پر دیئے گئے بیان کو سب سے غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے زبردست نکتہ چینی کی اور کہا ہے کہ بیلگاوی کرناٹک کا ناقابل تقسیم حصہ ہے ۔ سدارمیا نے ٹویٹ کیا کہ اس مسئلے کو الجھانے کی کوشش نہ کریں جو پہلے ہی حل ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیلگاوی بارڈر معاملے پر مہاجن کی رپورٹ حتمی ہے ۔ ادھور ٹھاکرے کو اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے جو حل ہوچکا ہے ۔ سدارمیا نے متنبہ کیا کہ اب آپ صرف شیوسینا کے ہی نہیں بلکہ ریاست کے وزیر اعلی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا فرض ہے کہ ہم کرناٹک کی زمین ، پانی اور زبان کی حفاظت کریں اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، اس پر سیاست نہ کریں۔”انہوں نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا کو باضابطہ طور پر اس کا جواب دینا چاہئے اور اس کی مذمت کرنی چاہئے ۔