بینکس کو دھوکہ دینے والے عادی سارقین گرفتار

   

دوست و رشتہ داروں کے نام فرضی اداروں کا قیام ، سنٹرل کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /3 جنوری (سیاست نیوز) مختلف بینکوں کی دھوکہ دہی میں ملوث دو عادی دھوکہ بازوں کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جے بھرت کمار اور پی وکرم نے اپنے دوست اور رشتہ داروں کے نام پر نقلی ادارے قائم کئے اور اس کے ذریعہ کروڑہا روپئے کے بینک قرض حاصل کئے ۔ سی سی ایس پولیس نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل سنٹر کے ذریعہ ترکاری اور میوے جات کے پاؤڈرس تیار کرنے کے بہانے فرضی اداروں کے نام پر 1.95 لاکھ قرض حاصل کرلئے اور بینک کو دھوکہ دیا ۔ الہ آباد بینک ماروتی نگر برانچ کے ڈپٹی جنرل منیجر نے سی سی ایس پولیس کو اس سلسلے میں شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سومیشورا انٹرپرائزیز دھانیا ویکژول پرائیویٹ لمیٹیڈ اور ردوین انٹرپرائزیز کے نام پر بھرت کمار اور وکرم نے بینک سے کروڑہا روپئے کے قرض حاصل کئے ۔ بینکوں کی دھوکہ دہی کے معاملے میں مذکورہ دھوکے بازوں کے خلاف سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے چینائی میں تین مقدمات درج کئے تھے ۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے ۔