بینک لاکر سے طلائی زیورات کا سرقہ

   

حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) ہمایوں نگر وجئے نگر کالونی میں پیش آئے ایک واقعہ میں بینک لاکر سے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب اسٹیٹ بینک آف انڈیا نیو ملے پلی برانچ میں معظم حسین نامی ایک شخص نے سال 2005 ء میں امریکہ جانے سے قبل بینک لاکر کھلوایا تھا اور اُس میں 80 تولے طلائی زیورات رکھے تھے۔ معظم حسین نے امریکہ کی شہریت حاصل کرنے کے بعد 14 سال طویل عرصہ کے بعد حیدرآباد واپس ہوئے اور اپنے بینک لاکر سے طلائی زیورات نکالنے کے لئے بینک پہونچے، جس پر اُنھیں پتہ چلا کہ اُن کے لاکر سے طلائی زیورات کا سرقہ ہوچکا ہے۔ معظم حسین نے فوری بینک حکام کو آگاہ کیا جس پر برانچ منیجر پرتیبھا داس نے اِس معاملہ میں ابتدائی جانچ کی اور بعدازاں پولیس ہمایوں نگر سے شکایت درج کروائی۔ پولیس کی ٹیم اسٹرانگ روم پہونچ کر بینک لاکرس کا معائنہ کیا جس میں یہ معلوم ہوا کہ بینک لاکر کو اسکرو ڈرائیور کے ذریعہ کھول کر زیورات کا سرقہ کیا گیا ہے۔ پولیس نے کلوز ٹیم کو بھی وہاں طلب کرلیا اور اِس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔