بین الاقوامی دہشت گردی اور منظم جرائم کیخلاف ہند۔ برازیل کا منصوبۂ عمل

,

   

باہمی تعلقات پر وزیراعظم مودی سے برازیل کے صدر بولسو نارو کی بات چیت ۔ 15 اہم سمجھوتوں پر دستخط

نئی دہلی ۔25 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی اور برازیل کے صدر جائیر میسیاس بولسونارو کے مابین ہفتہ کو یہاں بات چیت کے بعد ہندوستان اور برازیل نے وسیع تر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے 15 سمجھوتوں پر دستخط کئے اور حکمت عملی کے تعلقات میں وسعت کے لئے ایک لائحہ عمل جاری کیا گیا جس میں دونوں ملک نے دفاع ، سکیورٹی ، صنعت و تجارت ، زراعت ، شہری ہوابازی ، توانائی ماحولیات ، صحت ، ایجاد ، دریافت و اختراعات جیسے شعبوں میں گہرائی و گیرائی کے ساتھ تعاون کے لئے واضح اہداف متعین کئے گئے ۔ مزید براں دونوں ممالک نے بین الاقوامی دہشت گردی اور منظم جرائم کی لعنت سے نمٹنے کیلئے ایک سمجھوتہ مکمل کرنے کا عہد کیا۔ مذاکرات میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصیت کے ساتھ توجہ مرکوز کی گئی کیونکہ یہ دونوں اُبھرتی ہوئی بڑی معیشتیں عالمی اقتصادی سست روی سے متاثر ہوئی ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان طئے شدہ 15 سمجھوتے بشمول تیل و قدرتی گیس ، معدنی وسائل ، روایتی ادویات (دیسی طب ) ، افزائش حیوانات ، حیاتیاتی توانائی ، تجارت و سرمایہ وسیع تر شعبوں میں مستحکم تعاون کی راہ ہموار کریں گے ۔ صدر بولسو نارو کے ساتھ بات چیت کے اختتام پروزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ’’آپ کے دورہ ہند نے ہندوستان اور برازیل کے مابین تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے ‘‘ ۔

ہندوستان اقتصادی ترقی میں برازیل کو ایک قابل قدر ساجھیدار قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مختلف عالمی مسائل پر دونوں ملکوں کے یکساں مسائل و نظریات ہیںاور توقع ظاہر کی کہ یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ بولسو نارو کی موجودگی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے مزید کہا کہ ’’جغرافیائی فاصلوں کے باوجود ہند و برازیل دونوں ہی مختلف عالمی مسائل پر یکساں نظریات رکھتے ہیں ۔ یہاں نظریات کا سنگم ہے ‘‘ صدر بولسو نارو نے کہاکہ دونوں ممالک نے پہلے سے مستحکم تعلقات کو 15 سمجھوتوں پر دستخط کے ساتھ مزید مضبوط کرلیا ہے جس سے کئی شعبوں میں وسیع تر تعاون کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ ایک لائحہ عمل بھی مرتب کیا جارہا ہے ۔ بین الاقوامی دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے دونوں ممالک اس لائحہ عمل کے مطابق کام کریں گے ۔ بولسو نارو جمعہ کو اپنی دختر لارا بولسونارو ، بہولیٹسیا نیرمو ، آٹھ وزراء ، برازیل کے چار ارکان پارلیمنٹ ، صنعتکاروں اور تجارتی اداروں کے سربراہان کے بڑے وفد کے ساتھ یہاں پہونچے ہیں ۔ بولسو نارو کل اتوار کو منعقدشدنی یوم جمہوریہ ہند تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ 21 کروڑ کی آبادی اور 1.8 ٹریلین امریکی ڈالر پر مشتمل معیشت کا حامل برازیل سب سے بڑا لاطینی ملک ہے۔