بین الاقوامی عدالت میں کلبھوشن جادھو پر فیصلے کا آج اعلان

   

دی ہیگ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) چہارشنبہ کو ایک ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کے مقدمہ پر آج اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی۔ پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے جادھو کو جاسوسی کے الزام میں جبری اعتراف کی بنیاد پر سزائے موت دی ہے اور ہندوستان نے اس سزاء پر سوال اُٹھاتے ہوئے بین الاقوامی عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ 49 جادھو ہندوستانی بحریہ کا ایک ریٹائرڈ افسر ہے جس کو پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے بند کمرہ سماعت کے بعد اپریل 2017 ء میں جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات پر سزائے موت دی ہے۔ آئی سی جے نے رواں ماہ کے اوائل میں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہاکہ 17 جولائی کو 3 بجے شام (ہندوستانی وقت کے مطابق6.30 بجے شام) دی ہیگ کے قصر انصاف میں ایک عام نشست کا اہتمام ہوگا جس میں سرکردہ جج عبدالقوی احمد پوسٹ فیصلہ پڑھ کر سنائیں گے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ ان کا ملک آئی سی جے کے فیصلے کا قبل ازوقت اندازہ نہیں کرسکتا۔ تاہم پاکستان نے اس بین الاقوامی عدالت میں اپنے مدعا کو مدلل انداز میں پیش کیا ہے۔ ہندوستان میں 8 مئی 2017 ء کو آئی سی جے میں اپنی درخواست دائر کی تھی کہ جادھو کو دی جانے والی سزائے موت پر تاحکم ثانی ملتوی رکھی جائے۔