بین الاقوامی کرکٹ کا دروازہ بند کرچکا ہوں:نارائین

   

نئی دہلی۔ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر سنیل نارائن جو رواں آئی پی ایل 2024 میں ناقابل یقین فام میں ہیں انہوں نے خود کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں واپسی کے امکانات کو مستردکردیا ہے۔ کیریبین اور یو ایس اے میں ہونے والے ورلڈ کپ کے متعلق انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کا وہ دروازہ اب بند ہوگیا ہے اور وہ اپنے سبکدوشی کے فیصلے کو حتمی سمجھتے ہیں اور اس کے ساتھ کوئی صلح نہیں کرنے والے ہیں ۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے آل راؤنڈر سنیل نے آخری باراگست 2019 میں ویسٹ انڈیز کے لیے کھیلا تھا اور گزشتہ سال نومبر میں سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ جاری آئی پی ایل میں ان کی شاندار کارکردگی نے قومی ٹیم میں ان کی واپسی کی قیاس آرائیوں کو تقویت دی ہے لیکن نارائن نے ایک بیان جاری کرکے دوبارہ ویسٹ انڈیز کے لیے کھیلنے کے تمام امکانات کو مستردکر دیا جس میں انھوں نے کہا میں واقعی خوش اور مسرور ہوں کہ حال ہی میں میری کارکردگی نے بہت سے لوگوں کو عوامی طور پر میرے ویسٹ انڈیزٹیم میں واپس آنے کی خواہش کا اظہار کرنے پر مجبورکیا ہے اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کھیلنے کی تمنا ظاہر کی ہے ۔ میں نے اس فیصلے کے ساتھ صلح کر لی ہے اور جب کہ میں کبھی مایوس نہیں ہونا چاہتا ہوں، وہ دروازہ اب بند ہو چکا ہے اور میں ان لڑکوں کی حمایت کروں گا جو جون میں ویسٹ انڈیز کے لیے میدان میں اتریں گے۔ وہ لوگ جنہوں نے پچھلے کچھ مہینوں سے سخت محنت کی ہے اور وہ ٹیم میں منتخب ہونے کے مستحق ہیں۔