بین ریاستی سارقین کی ٹولی گرفتار

   

مسروقہ مال ضبط، کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے بین ریاستی عادی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار نے بتایا کہ 7 رکنی عادی سارقین کی ٹولی جن کا تعلق ہاپور اترپردیش سے ہے، علاقہ راجندر نگر شمس آباد اور سائبرآباد کے دیگر مقامات پر سرقہ کی سنگین وارداتیں انجام دی تھی۔ سجنار نے کہاکہ سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے کڑی محنت کے بعد سارقین کی ٹولی کو گرفتار کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس ٹولی کا سرغہ 24 سالہ محمد صفدر ہے جو اپنے ساتھیوں شاہنواز، ندیم، محمد نعیم، محمد رشید، محمد مصطفی اور محمد آصف کی مدد سے تلنگانہ، آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں میں مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتے تھے۔ اس ٹولی کا طریقہ یہ تھا کہ وہ ٹرینوں اور قیمتی کاروں میں سفر کرتے ہوئے مسروقہ مال فروخت کیا کرتے تھے۔ سائبرآباد کمشنر نے مزید کہاکہ راجندر نگر علاقہ میں اِس ٹولی نے ایک مکان کو نشانہ بنایا تھا اور پولیس نے اِس علاقہ کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کے ذریعہ سارقین کا پتہ لگاتے ہوئے اُن کی نشاندہی کی اور اترپردیش میں اُن کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 500 گرام طلائی زیورات، قیمتی کار، سرقہ میں استعمال کی جانے والی اشیاء بشمول اسکرو ڈرائیور وغیرہ بھی ضبط کرلئے۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔