بیوی سے بدلہ لینے خود کے مکان میں سرقہ

   

روڈی شیٹر اور اس کا ڈرائیور گرفتار مسروقہ مال برآمد
حیدرآباد /7 جنوری ( سیاست نیوز ) بیوی سے بدلہ لینے کیلئے خود کے مکان میں سرقہ کرنے والے روڈی شیٹر اور اس کے ڈرائیور کو پولیس ادی بٹلہ نے گرفتار کرلیا ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون مسٹر سنپریت سنگھ نے بتایا کہ ادی بٹلہ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران ایک شخص کو مشتبہ نقل و حرکت پر روک لیا اور شبہ کی بنیاد پر اس کی تلاشی لی گئی اور پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ پولیس نے 48 سالہ وی ایڈوین موزیز اور 20 سالہ جوڈا نوین ساکنان نادرگل بالاپور کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2,88,000/- روپئے نقد رقم 10 تولہ سونا اور دو تلواروں کو ضبط کرلیا ۔ ایڈوین نے بیوی سے بدلہ لینے کیلئے اس کے ڈرائیور سے مکان میں سرقہ کروایا تھا ۔ ایڈوین اور اس کی بیوی رانی سے گذشتہ چند عرصہ سے جھگڑے چل رہے تھے اور یہ شخص نادرگل میں رہنا نہیں چاہتا تھا جو بیوی سے درخواست کر رہا تھا کہ وہ اسے پرانے شہر میں رہنے کی اجازت دے ۔ لیکن اس کی بیوی اس بات پر راضی نہیں تھی اور شوہر کو پرانے شہر میں خود سے علحدگی رہنے کی اجازت نہیں دے رہی تھی اور ایڈوین اس بات پر ناراض تھا ۔ اور بیوی سے بدلہ لینا چاہتا تھا تاکہ اسے سبق سکھایا جائے ۔ اس نے اپنے ڈرائیور کے ساتھ سازش تیار کی اور 5 جنوری کے دن رشتہ داروں کی تقریب کے موقع پر بیوی بچوں کو تقریب میں روانہ کردیا اور ڈرائیور کو طلب کرنے کے بعد مکان میں سرقہ کیا اور پھر ڈرائیور کے ساتھ تقریب میں شرکت کیلئے چلا گیا ۔ تاکہ اس کی بیوی کو اس پر شبہ نہ ہو جب یہ لوگ تقریب سے واپس پہونچے تو مکان میں سرقہ کا انکشاف ہوا ۔ پولیس کے مطابق ایڈوین موزیز روڈی شیٹر بتایا گیا ہے ۔ جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا تھا اور یہ روڈی شیٹر 14مقدمات میں ملوث ہے ۔ جبکہ نوین بھی مجرمانہ ریکارڈ رکھتا ہے ۔ جو تین واقعات میں ملوث ہے ۔ پولیس نے انہیں عدالتی تحویل میں لے دیا ۔