بیوی پر حملہ کرنے والا شوہر گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بیوی پر شراب کی بوتل سے حملہ کرنے والے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بات چیت کے لیے بیوی کو طلب کرنے کے بعد شوہر نے شراب کی بوتل سے حملہ کرتے ہوئے بیوی کو زخمی کردیا ۔ جوبلی ہلز پولیس نے بتایا کہ زخمی خاتون نوینا کی شکایت پر پولیس نے کارروائی انجام دی اور اس کے شوہر جی آنند کو گرفتار کرلیا ۔ آنند بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا اور دونوں میں اس بات سے اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے ۔ نوینا نے آنند سے دوری اختیار کرلی تھی اور مادھا پور کے علاقہ میں واقع ایک ورکنگ ویمن ہاسٹل میں رہنے لگی۔ زندگی کے گذر بسر کے لیے نوینا نے ایک بیکری میں ملازمت اختیار کرلی تھی ۔ آنند اور نوینا کی شادی سال 2010 میں ہوئی تھی ۔ ان دونوں کا تعلق ضلع اننت پور سے ہے جو شادی کے بعد اپل میں رہتے تھے ۔ ان دونوں کے دو لڑکے ہیں ۔ شوہر کے کردار پر شک کرنے اور روزانہ کے جھگڑوں سے تنگ آکر سال 2018 میں نوینا نے آنند کا گھر چھوڑ دیا اور بچے آنند کے پاس تھے ۔ مادھا پور کے ایک ورکنگ ویمن ہاسٹل میں رہتے ہوئے اس خاتون نے بیکری میں نوکری تلاش کرلی اور زندگی بسر کررہی تھی ۔ اس دوران آنند نے نوینا سے خواہش کی تھی کہ ساتھ مل کر زندگی بسر کریں گے اور معاملہ فہمی کے لیے اس نے بیوی کو جوبلی ہلز علاقہ طلب کیا ۔ لیکن آنند نے بیوی سے ملاقات کے وقت اپنے ساتھ شراب کی خالی بوتل رکھ لی اور دونوں میں تقریبا 20 منٹ تک بات چیت کے نام پر بحث و تکرار ہوئی اور آنند نے بوتل نکال کر نوینا پر حملہ کردیا ۔ قریب موجود شہریوں نے خاتون کو مدد کے لیے دی گئی آواز پر دوڑے اور نوینا کو ہاسپٹل منتقل کیا شکایت کے بعد جوبلی ہلز پولیس نے آنند کو گرفتار کرلیا ۔۔ ع