بیوی کی خودکشی پر شوہر اور والدین کو سزا

   

مجرم پر جرمانے ، ایل بی نگر کی عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز)ایل بی نگر کی ایک عدالت نے خاتون کی خودکشی کے معاملہ میں فیصلہ سناتے ہوئے شوہر اور اس کے والدین کو سزا سنائی ہے۔ ایل بی نگر پولیس نے اس سلسلہ میں آج چارج شیٹ داخل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2015 میں للیتا نامی خاتون نے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی اور اس معاملہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے جارج شیٹ کو داخل کیا۔ عدالت نے للیتا کے شوہر 28 سالہ ناگیش کو 7 سال کی سزا اور 10 ہزار روپئے جرمانہ جبکہ اس کے والدین50 سالہ ایڈاماں اور والد 55 سالہ ویرا سوامی کو 2سال کی سزا سنائی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق للیتا اور ناگیش کی شادی سال 2010 میں ہوئی تھی اور شادی کے ایک سال بعد سے للیتا کو زائد جہیز کیلئے ہراساں کیا جارہا تھا۔ شادی کے وقت متوفی خاتون کے والد نے لاکھوں روپئے نقد رقم کے بعد ایک پلاٹ دیا تھا جس کے بعد 20 لاکھ مزید جہیز کیلئے خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ دار پریشان کررہے تھے جس کے بعد خاتون کے والد نے ساڑھے سات لاکھ روپئے جہیز دیا باوجود اس کے ان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پلاٹ نام پر کرنے کیلئے جسمانی اور ذہنی اذیت پہنچائی جارہی تھی۔ جس سے تنگ آکر خاتون نے خودکشی کی تھی۔