بیوی کے قاتل شوہر کو عمر قید کی سزاء اور جرمانہ

   

مقتولہ کی بہن کی شکایت پر ایل بی نگر کی مقامی عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 19 جولائی ۔ (سیاست نیوز) بیوی کا قتل کرنے والے شوہر کو عدالت نے عمرقید کی سزاء سنائی ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک مقامی عدالت نے آج اہم فیصلہ سناتے ہوئے بیوی کے قاتل شوہر جے کرشنا کو عمرقید کی سزاء اور 6 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیاہے ۔ ایل بی نگر پولیس حدود میں سال 2011 ء کے دوران قتل کی واردات پیش آئی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سجاتا اور کرشنا میاں بیوی تھے ۔ سجاتا کے قتل کے بعد اس کی بہن 19 سالہ سہاسنی نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی یہ خاندان ایل بی نگر گنٹی جنگایا کالونی میں رہتا تھا جن کا تعلق دیورکنڈہ ضلع نلگنڈہ سے بتایا گیا ہے۔ سجاتا شوہر اور اپنے بچوں کے ہمراہ رہتی تھی اور اس کے والدین اُسی بستی میں سجاتا کے مکان سے تھوڑی دور رپر رہتے تھے ۔ ان کو دو لڑکے اور ایک لڑکی ہے ۔ شوہر کی ہراسانیوں سے سجاتا تنگ آچکی تھی ۔ ہردن نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر کرشنا بیوی سے جھگڑا کرتا تھا اور بچوں کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ بچوں کی تعلیم اور ان کی پرورش کو دیکھتے ہوئے سجاتا نے دونوں بچوں کو ہاسٹل میں ڈال دیا تھا اور لڑکی کے ساتھ رہتی تھی ۔ ان دنوں کرشنا نے کام پر جانا بھی بند کردیا تھا اور گھر میں رہتا تھا ۔ بیوی کی جانب سے کام پر جانے کے مطالبہ اور اخراجات کے متعلق سوال کرنے پر اُسے مارتا تھا اور اس خاتون کے کردار پر شک کرتا تھا ۔ سال 2011 ء ڈسمبر میں اس نے سجاتا کا قتل کردیا ۔ پولیس نے شکایت حاصل ہونے کے بعد جامع کارروائی کی اور چارج شیٹ کو داخل کردیا ۔ عدالت نے اس بنیاد پر آج اپنا فیصلہ سنایا۔