بیگم بازار اور کشن گنج سے ریٹیل کرانہ شاپس کو سامان کی فراہمی

   

وزیر سرینواس یادو کا ارکان اسمبلی کے ساتھ دورہ، تاجروں سے ملاقات
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیان سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں ریٹیل کرانہ شاپس کو بیگم بازار، مختار گنج اور کشن گنج مارکٹ سے ہول سیل قیمت پر اشیائے ضروریہ سربراہ کی جارہی ہیں۔ ملک بھر میں لاک ڈائون کے سبب ہول سیل دکانات بند ہونے کے نتیجہ میں عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا ہے۔ حیدرآباد کرانہ مرچنٹ اسوسی ایشن کی نمائندگی پر ریاستی وزیر سرینواس یادو، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، این گوپی ناتھ اور راجہ سنگھ کے ہمراہ بیگم بازار علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سرینواس یادو نے بتایا کہ تاجروں کی اپیل پر روزانہ 40 کرانہ شاپس کو صبح 11 تا 3 بجے سہ پہر کاروبار کی اجازت دی جائے گی۔ دکانداروں کو خریداروں کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا جو صحت کے اعتبار سے ضروری ہے۔ تاجروں کو چاہئے کہ وہ دکانوں کے پاس ہجوم کی اجازت نہ دیں اور فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے منظم انداز میں اپنے کاروبار انجام دیں۔ سرینواس یادو نے آج ہاسٹلس میں مقیم دیگر اضلاع اور ریاستوں کے افراد سے ملاقات کی، ان میں طلبہ اور خانگی کمپنیوں کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ ہاسٹل میں موجود طلبہ کو تخلیہ کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہاسٹلس میں تمام ضروری اشیاء سربراہ کی جائیں گی۔ طلبہ کو کسی بھی دشواری سے بچانے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کوئی بھی ہاسٹل انتظامیہ اگر طلبہ کو جبراً تخلیہ پر مجبور کرے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہاسٹل انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے تعاون کریں۔