کانگریس قائدین لوک سبھا چناؤ کیلئے تیار ہوجائیں، پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے دیپا داس منشی کا خطاب
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپا داس منشی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کافی مستحکم ہے اور قائدین محنت سے کام کریں تو لوک سبھا چناؤ میں اسمبلی سے زیادہ بہتر نتائج کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ دیپا داس منشی آج گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کمیٹی کے سرکاری ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ترجمانوں کا رول اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ تلنگانہ میں حکومت کی اسکیمات عوام تک پہنچانا ترجمانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پارٹی ترجمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست گیر سطح پر پارٹی کی حکمت عملی تیار کریں تاکہ حکومت کی اسکیمات کی موثر تشریح ہوسکے۔ دیپا داس منشی نے بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کی مخالف کانگریس سیاست کو ناکام بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں پارٹیاں کانگریس حکومت کو ناکام ثابت کرنے کے درپے ہیں۔ حکومت کی تشکیل کو ایک ماہ بھی مکمل نہیں ہوا کہ تینوں پارٹیوں نے تنقیدوں کا آغاز کردیا۔ بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کو ناکام بنانے کیلئے عوام کی مدد حاصل کرنی چاہیئے۔ بی جے پی نے تلنگانہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ بعض حلقہ جات میں وہ فرقہ وارانہ ماحول کو ہوا دے رہے ہیں جس کے خلاف کانگریس کو چوکس رہنا ہوگا۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ اسمبلی چناؤ کی کامیابی سے مطمئن ہونے کے بجائے لوک سبھا انتخابات کیلئے ابھی سے تیار ہونا چاہیئے۔ ملک میں کانگریس کو برسراقتدار لانے کے مقصد سے قائدین اور کارکنوں کو متحرک ہونا چاہیئے۔1