بی آر ایس اجلاس سے دو ارکان اسمبلی غیر حاضر

   

پارٹی قیادت فکرمند، قیاس آرائیوں کا بازار گرم
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل (سیاست نیوز) سیاسی مسائل کا شکار بی آر ایس کو ایک اور جھٹکہ لگا۔ بی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا جس میں لوک سبھا امیدواروں کو بی فارم کے ساتھ فی کس 95 لاکھ روپئے کا چیک انتخابی اخراجات کیلئے دیا گیا ۔ اجلاس میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کے سی آر کے روڈ شو اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تاہم اجلاس میں شہر کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی ٹی سرینواس یادو اور پرکاش گوڑ غیر حاضر تھے ، جس پر سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ وہ کانگریس سے رابطہ میں ہیں۔ کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جارہی ہے کہ بی آر ایس کے 26 ارکان اسمبلی رابطہ میں ہیں جس میں ابھی تک تین نے باقاعدہ کانگریس میں میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ ماباقی ارکان اسمبلی لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ سرینواس یادو اور پرکاش گوڑ کی اجلاس میں عدم شرکت سے بی آر ایس حلقوں میں مایوسی دیکھی جارہی ہے۔ بی آر ایس لوک سبھا انتخابات کو وقار کا مسئلہ بناکر عوام میں پہنچ رہی ہے۔ ایسے میں پارٹی ارکان اسمبلی کی غیر حاضری سے قیادت تشویش میں مبتلا ہورہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں بی آر ایس نے بیشتر اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور توقع کر رہی ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بھی اس کیلئے نتائج مثبت ہونگے۔ تاہم ارکان اسمبلی کی بے وفائی سے قیادت فکرمند نظر آرہی ہے ۔ 2