بی آر ایس امیدواروں کی فہرست میں خواتین کو نظرانداز کرنے کا الزام

   

کویتا کو ریونت ریڈی کے خلاف بیانات پر وارننگ: سنیتا راؤ
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ نے بی آر ایس امیدواروں کی فہرست میں خواتین کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور رکن کونسل کویتا کو چیلنج کیا کہ خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہاکہ بی آر ایس نے 115 امیدواروں میں محض 7 نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ دیا ہے اور خانہ پور سے موجودہ خاتون رکن اسمبلی کو محروم کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کویتا خواتین تحفظات بل کے مسئلہ پر کانگریس کو نشانہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید ٹکٹوں کے الاٹمنٹ کیلئے پرگتی بھون کے روبرو دھرنے کیلئے وہ تیار ہیں۔ کویتا کو اس دھرنے میں شرکت کا اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مہیلا کانگریس کارکن کویتا کو مناسب جواب دیں گی۔ انہوں نے کویتا کو خبردار کیا کہ وہ کانگریس قیادت کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو اہم عہدوں پر فائز کیا ہے۔ صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، اے آئی سی سی صدر، لوک سبھا اسپیکراور دیگر اہم عہدوں پر خواتین کو منتخب کرنے کا اعزاز کانگریس کو حاصل ہے۔ انہوں نے کویتا کو چیلنج کیا کہ وہ بی آر ایس میں خواتین کو زائد ٹکٹوں کیلئے جدوجہد کے ذریعہ اپنی سنجیدگی ثابت کریں۔