بی آر ایس دور کے مقدمات کیخلاف ریونت ریڈی عدالت سے رجوع

   

مقامی عدالت میں شخصی حاضری سے چیف منسٹر کو استثنیٰ ‘20فروری کو اگلی سماعت

حیدرآباد۔/4فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے ریاستی حکومت اور شکایت کنندگان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی درخواست پر موقف جاننے کی کوشش کی ہے۔ ریونت ریڈی نے 2019 اور 2020 میں اُن کے خلاف دائر کردہ مقدمات کو کالعدم قراردینے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ پہلا مقدمہ کرائم نمبر 224/2020 ہے جو نارسنگی پولیس اسٹیشن میں دفعات 188، 287، 109 ، 201 اور 120B کے تحت درج کیا گیا۔ ریونت ریڈی پر الزام ہے کہ انہوں نے جنواڑہ میں سابق وزیر کے ٹی آر کے فارم ہاوز کی فلمبندی کیلئے ڈرون کیمرہ کا استعمال کیا تھا۔ کیمرہ سے حاصل کردہ فوٹیج میڈیا کو جاری کیا گیا جس میں فارم ہاوز میں موجود سوئمنگ پول اور دیگر آسائش کا اظہار ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے جی او 111 کے خلاف فارم ہاوز کی تعمیر کا الزام عائد کیا تھا۔ وہ اس وقت ملکاجگیری کے رکن پارلیمنٹ تھے۔ انہوں نے مقدمہ کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس لکشمن نے 2020 کے مقدمہ کے سلسلہ میں ریاستی حکومت اور شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کی ہے۔ یہ مقدمہ اسپیشل سیشن جج رنگاریڈی کے پاس زیر دوران ہے۔ جسٹس لکشمن نے مقامی عدالت میں ریونت ریڈی کی شخصی حاضری کو استثنیٰ دیا اور آئندہ سماعت 20 فروری کو مقرر کی۔1