بی آر ایس سے وردی راجو روی چندرا کو راجیہ سبھا امیدوار بنانے کا اعلان

   

پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آج آخری تاریخ، تلنگانہ سے تین امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب یقینی
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے میعاد مکمل کرنے والے وردی راجو روی چندرا کو دوسری میعاد کیلئے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ روی چندرا جمعرات کو اسمبلی پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ سے خالی ہونے والی تین نشستوں پر بی آر ایس کی نمائندگی تھی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس حکومت کو شکست ہوگئی ، کانگریس کے 64 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ بی آر ایس کے 39 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے لحاظ سے کانگریس کو دو اور بی آر ایس کو ایک راجیہ سبھا نشست پر کامیابی حاصل ہوگی۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے بی آر ایس کو حاصل ہونے والی ایک نشست کیلئے پارٹی کے کئی قائدین کے ناموں پر غور کیا اور پارٹی کے سینئر قائدین سے رائے حاصل کی۔ اسمبلی انتخابات میں متحدہ ضلع کھمم سے بی آر ایس کا صفایا ہوگیا ہے۔ کھمم میں بی آر ایس کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے وی راجو روی چندرا کو دوبارہ امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ وی راجو روی چندرا دو سال تک راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کی میعاد مکمل ہورہی ہے۔ بی آر ایس سربراہ نے انہیں دوبارہ امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح تلنگانہ سے مخلوعہ ہونے والی تین راجیہ سبھا نشستوں کیلئے کانگریس نے دو اور بی آر ایس نے ایک امیدوار کا اعلان کیا ہے جس کے بعد تین ارکان کے بلامقابلہ کامیاب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔2