بی آر ایس لوک سبھا انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی:ہریش راؤ

   

چیف منسٹر وعدوں کی عمل آوری میں ناکام، عوام میں ناراضگی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس سے مستعفی ہونے والے قائدین لوک سبھا انتخابات میں شکست سے دوچار ہوجائیں گے۔ کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس پارٹی شاندار کامیابی درج کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ناکام ہوگئے ہیں۔ اپنی ناکامی سے توجہ ہٹانے کیلئے فون ٹیاپنگ اور دیگر مسائل کو موضوع بحث بناتے ہوئے اصل موضوعات سے عوامی کی توجہ ہٹانے کی کوشش کریں گے۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر کو چیلنج کیا ہے کہ 2001 سے اب تک ٹیلی فون ٹیاپنگ کی تحقیقات کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست اور کامیابی بی آر ایس کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ پارٹی کی تشکیل سے اب تک ہم نے ایسے کئی مراحل کا سامنا کیا ہے اور ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ کانگریس کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام دھوکہ کھا گئے ہیں۔ 100 دن بعد انہیں اس کا احساس ہوگیا ہے ، لوک سبھا انتخابات میں عوام کانگریس اور بی جے پی کو سبق سکھائیں گے ۔ عوامی نظم و ضبط پر چیف منسٹر کی گرفت کمزور ہوگئی ہے۔ چیف منسٹر اقتدار سے محروم ہونے کے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہیں اپوزیشن جماعتوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے ، خود اپنی پارٹی کے قائدین سے خطرہ ہے۔ ریاست میں خشک سالی پیدا ہوگئی ہے، برقی بحران شروع ہوگیا ہے۔ اس کے لئے حکومت کی نااہلی اور ناتجربہ کاری ذمہ دار ہے۔ تاحال 220 کسان خودکشی کرچکے ہیں ۔ عوامی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر پھر ایک بار دھوکہ دینے کیلئے 15 اگست سے قبل دو لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا کسانوں سے جھوٹا وعدہ کر رہے ہیں۔ مگر ان وعدوں پر عوام اور کسان بھروسہ نہیںکریں گے۔ 2