بی آر ایس و بی جے پی کے 20 اہم قائدین کانگریس سے رابطے میں

,

   

کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر کا اہم رول، راہول گاندھی کی امریکہ سے واپسی کے بعد دہلی میں خصوصی اجلاس
حیدرآباد ۔ 6 جون (سیاست نیوز) کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کے بعد تلنگانہ میں کانگریس کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ کانگریس ہائی کمان تلنگانہ سے امیدیں لگائے ہوئے ہے۔ دوسری جانب کانگریس کیڈر میں بھی نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے اور کانگریس کے سابق وزراء، ارکان اسمبلی ‘ سابق ارکان اور دوسرے ٹکٹ کے دعویدار قائدین اپنے اسمبلی حلقوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ کانگریس ذرائع سے پتہ چلا کہ کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین، بی جے پی کے ناراض قائدین اور بی آر ایس میں ٹکٹ سے محرومی کا خدشہ رکھنے والے ارکان اسمبلی اور دیگر 20 سے زائد قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں اور پارٹی میں شامل ہونے کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ اسی پس منظر میں امریکہ کے دورہ پر گئے ہوئے کانگریس کے قائد راہول گاندھی اپنے دورہ امریکہ کے دوران مختلف پروگرامس سے خطاب میں بھی تلنگانہ کو فوکس کررہے ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی بھی اس وقت راہول گاندھی کے ساتھ امریکہ میں ہیں اور وہ کانگریس میں شامل ہونے کا ارادہ رکھنے والے قائدین کی ایک فہرست راہول گاندھی کو پیش کرچکے ہیں اور تلنگانہ میں کانگریس کیلئے ماحول سازگار رہنے کی رپورٹ بھی پیش کی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد ہی راہول گاندھی اپنی تقاریر میں تلنگانہ کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ جو 20 قائدین کانگریس میں شامل ہونے کی تیاری کررہے ہیں، اس کے پیچھے کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر اور صدر کرناٹک کانگریس کمیٹی ڈی کے شیو کمار کا اہم رول ہے۔ وہ پس منظر میں رہ کر مختلف پارٹی قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور انہیں کانگریس میں شامل ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ راہول گاندھی امریکہ سے دہلی واپسی کے بعد تلنگانہ کانگریس کی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے تلنگانہ کے اہم کانگریس قائدین کو دہلی طلب کیا ہے تاکہ دوسری پارٹی کے قائدین کی کانگریس میں شمولیت اور انتخابی حکمت عملی کا روڈمیاپ تیار کیا جاسکے۔ اس اجلاس میں کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے، پرینکا گاندھی کے علاوہ دیگر قائدین شامل رہیں گے۔ن