بی آر ایس پارٹی نے مسلم اقلیت سے صرف جھوٹے وعدے کئے

   

شاد نگر میں اقلیتی قائدین کا بی سی ڈیکلریشن پوسٹر کا رسم اجراء، اقلیتی قائدین کا خطاب

شادنگر ۔11 ؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس پارٹی بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر گزشتہ 10سال سے تلنگانہ ریاست کے اقلیتوں کو دھوکہ میں رکھے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 10 سال قبل شادنگر میں انتخابی مہم کے دوران مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ ریاست میں اقتدار میں آنے پر اندرون چار ماہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات ٹاملناڈو کی طرز پرفراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ افسوس کی بات ہے کہ خود چیف منسٹر کے سی آر اس بات کا اعلان کرنے کے باوجود وہ عمل نہیں کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر کانگریس پارٹی قائد محمد علی خان بابر نے شادنگر میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس نے صرف اور صرف وعدوں اور دھوکوں میں مسلم اقلیتوں کو رکھا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کانگرس پارٹی کی جانب سے مسلم اقلیتوں کے لیے خصوصی بی سی ڈیکلریشن کو عوام کے سامنے لایا ہے ۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بی سی ڈیکلریشن مسلم اقلیتوں کیلئے بہترین ڈیکلریشن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں پر عمل کرنے والی واحد کانگریس پارٹی ہے۔ آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے مسلم اقلیتوں کیلئے چار فیصد تحفظات فراہم کئے تھے جس کے باعث مسلم اقلیتوں کو کافی فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی وعدے کے مطابق کام کرنے والی پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈن گارڈن میں بی سی ڈیکلریشن میں سی ڈبلیو سی ممبر جناب ناصر حسین، عثمان خان، ومشی چندر ریڈی، شادنگر حلقہ کانگریس پارٹی امیدوار ویرلا پلی شنکر اور دیگر اہم قائدین شرکت کریں گے۔ محمد علیم ثاقب نے شادنگر میں بی سی ڈیکلریشن کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔میڈیا سے مخاطبت کے موقع پر بی سی ڈیکلریشن کے پوسٹر کی رسم اجرا عمل میں آئی۔ اس موقع پر سید مختار علی اسد، محمد قدیر، ممتاز خان، زمرد خان، محمد کبیر احمد، محمد عرفان اور دیگر اقلیتی قائدین موجود تھے۔