ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر ہوں، دھمکیوں سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں
حیدرآباد ۔ 4 فبروری (سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا نے کہا کہ اگر کے سی آر پر بھروسہ کرتے ہوئے دوبارہ بی آڑ ایس کو ووٹ دیا گیا تو تلنگانہ تباہ و برباد ہوجائے گا۔ ورنگل میں پدیاترا کے دوران خطاب کرتے ہوئے وائی ایس شرمیلا نے کہا کہ جھوٹے وعدوں سے اقتدار حاصل کرتے ہوئے کے سی آر نے 9 سال تک عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ اب تک جو بھی وعدے کئے گئے ہیں ان میں ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا گیا ہے۔ انتخابات سے عین قبل کے سی آر آسمان سے چاند کو توڑ کر زمین پر لانے کے وعدے کرتے ہوئے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہیں۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد سماج کے تمام طبقات کو نظرانداز کردیتے ہیں۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا جس پر آج تک عمل آوری نہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو دھوکہ دیا گیا۔ غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات کے نام پر، بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ کے نام پر، دلتوں کو تین ایکر اراضی کے نام پر، ملازمتوں کے نام پر نوجوانوں کو کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے نام پر، کسانوں کو قرض معاف کرنے کے نام پر دھوکہ دیا گیا جس پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی۔ 8 ہزار کسانوں نے خودکشی کرلی ہے۔ پدیاترا کے دوران عوام سے ملاقات کررہی ہیں۔ ان کے مسائل کو سن رہی ہیں۔ پھر اپنی تقاریر میں اس کو دہرا رہی ہیں جس پر بی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کو اعتراض ہورہا ہے۔ ان پر اور ان کے پارٹی کارکنوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ پولیس پر دباؤ بناکر جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں جن سے وہ ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے۔ وہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر ہیں ایسے کئی لوگوں کو وہ دیکھ چکی ہیں۔ عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کرنے کا ٹھان چکی ہے اور اسی عزم سے آگے بڑھ رہی ہے۔ کوئی بھی رکاوٹیں ان کے بڑھتے ہوئے قدم کو روک نہیں سکتے۔ن