دلتوں کی توہین کی قیمت چکانی پڑے گی، اسمبلی اجلاس کے دوران نامناسب رویہ کی مذمت، سنگاریڈی میں کانگریس کا احتجاج
سنگاریڈی۔ 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے مبینہ طور پر اختیار کیے گئے غیر جمہوری اور نامناسب رویہ کے خلاف سنگاریڈی میں کانگریس پارٹی کی جانب سے زبردست احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا۔ ضلع کانگریس صدر نرملا جگا ریڈی کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاج میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی پروگرام کے تحت کانگریس قائدین اور کارکنوں نے سنگاریڈی کے رام نگر میں واقع جگا ریڈی کی رہائش گاہ سے ایک احتجاجی ریالی نکالی۔ یہ ریالی شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی قدیم بس اسٹینڈ کے قریب امبیڈکر چوراہے پر پہنچی۔ بعد ازاں ضلع کانگریس صدر نرملا جگا ریڈی نے امبیڈکر کے مجسمہ کی گل پوشی خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نرملا جگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل نے جمہوری روایات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مبینہ طور پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں پیش آنے والے واقعات کو ریاست کے عوام نے قریب سے دیکھا ہے اور عوام سب کچھ سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے قائدین نے مبینہ طور پر خود ایک دوسرے کو دھکے دیے، پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کی اور بعد میں خود کو متاثرہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے اس طرح کا طرزِ عمل جمہوری نظام کے لیے کسی بھی صورت مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل پر تعمیری انداز میں حکومت سے سوال کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین کی جانب سے دلت طبقہ کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے والے بیانات اور اقدامات نے سماج کے تمام طبقات کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دلتوں کے گزرنے والی جگہ کو ہلدی کے پانی سے پاک کرنے کا مبینہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوامی فلاح اور سماجی انصاف کے لیے کام کر رہی ہے اور تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیموں اور عوامی پروگراموں کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں۔ بی آر ایس کو عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا، نرملا جگا ریڈی نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ دلت طبقہ کی توہین اور عوام کے جذبات کو مجروح کرنے والے کسی بھی سیاسی جماعت یا قائد کو عوام معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے مبینہ غیر جمہوری رویہ کا عوام مناسب وقت پر جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی مبینہ غنڈہ گردی کا جواب عوام ہی دیں گے اور دلتوں کی توہین کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر پارٹی کو نچلی سطح تک مزید مضبوط کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرمی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماجی انصاف، مساوات اور تمام طبقات کے احترام کے اصولوں پر قائم ہے اور ان اصولوں کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر ٹی پی سی سی جنرل سکریٹری توپاجی اننت کش، میونسپل چیئرمین کونہ ونیتا سنتوش، سی ڈی سی چیئرمین رام ریڈی، حافظ شیخ شفی وائس چیئرمین بلدیہ، جارج، کرن گوڑ، سنتوش، سری کانت، رام چندر نائک، سری کانت ریڈی، سندیپ ریڈی، بھومیش کے علاوہ کانگریس پارٹی کے دیگر قائدین، کارکنان اور حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔