بی آر ایس کے بہکاوے میں نہ آنے نوجوانوں کو مشورہ

   

کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام : وزیر سیتااکا
حیدرآباد۔20۔اکٹوبر(سیاست نیوز) نوجوان بھارت راشٹرسمیتی کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹ کا شکار نہ ہوں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔ریاستی وزیر سیتا اکا نے ورنگل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے فوری بعد حکومت اور عوام کے درمیان موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کئے اور عوامی حکمرانی کے فروغ کے لئے پرجا بھون کے آگے لگائی گئی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ریاست میں جمہوری حکمرانی کو بحال کیا ۔محترمہ سیتا اکا نے کہا کہ ریاست میں عوامی حکمرانی کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی ابتدائی 65 دنوں میں حکومت کی جانب سے 15ہزار پولیس کانسٹبلس‘ 11ہزار62 اساتذہ‘ 1637 انجنیئر کے عہدوں پر تقررات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے اور حکومت تلنگانہ نے اساتذہ کے تقرر کے لئے ڈی ایس سی کے انعقاد کے ذریعہ اس عمل کو بھی مکمل کیا ۔ریاستی وزیر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بی آر ایس قائدین اقتدار سے محروم ہونے کی خفت مٹانے کے لئے کانگریس حکومت پر بیجا الزامات عائد کرتے ہوئے حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کے لئے وہ نوجوانوں کو استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے نوجوانو ںکو مشورہ دیا کہ وہ بی آر ایس کی اس سازش کا شکار ہونے کے بجائے اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے توجہ دیں کیونکہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے ہر نوجوان کے بہتر مستقبل کے لئے منصوبہ رکھتی ہے۔محترمہ سیتا اکا نے ریاستی حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے پروگرامس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کو پورا کررہی ہے اور عوام حکومت سے مطمئن ہیں۔3